نواز شریف کی واپسی نہ ہونے پر حکومت کا شہباز شریف کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) نواز شریف کے لندن سے واپس نہ آنے کو جواز بناکر وفاقی حکومت نے ان کے ضمانتی شہباز شریف کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی حکومت نے شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کا مؤقف ہے کہ شہباز شریف نے نواز شریف کی وطن واپسی کی ضمانت دی تھی لہٰذا اب ان کے واپس نہ آنے پر شہباز شریف کے خلاف عدالت میں جایا جائے گا۔

خیال رہے کہ آج اپنی پریس کانفرنس میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری یہ کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف آ نہیں رہے لائے جا رہے ہیں اور نواز شریف نے خود کبھی واپس نہیں آنا بلکہ حکومت واپس لے کر آئے گی۔

چوہدری کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے ساتھ قانون پر کام کر رہے ہیں اور نواز شریف اگر خود جلد واپس نہیں آتے تو ہم نے برطانیہ سے معاملات حل کر لیے ہیں جبکہ نواز شریف کو قیدیوں کے تبادلے کے تحت ہم خود لائیں گے۔