بلوچستان : بختیارآباد میں قومی شاہراہ پر پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار

بختیارآباد(قدرت روزنامہ) قومی شاہراہ پر پولیس تھانہ بختیارآباد کی حدود میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گشت پر مامور پولیس ٹیم کا سامنا جب مسلح ڈاکوؤں سے ہوا تو دونوں جانب سے فائرنگ شروع ہو گئی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد مسلح ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قریبی جھاڑیوں اور دشوار گزار راستوں کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، سرچ آپریشن جاری ہے اور اس حوالے سے جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔
