وزیراعلیٰ کی قیادت میں محکمہ صحت کے انقلابی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں، وزیر صحت بخت محمد کاکڑ

تمام سرکاری ہسپتال 100 فیصد فعال، ہیلتھ کارڈ سے 3 لاکھ 45 ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج، پیپلز ایئر ایمبولینس کا آغاز عوام کے لیے تحفہ ہے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں محکمہ صحت میں انقلابی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ وزیرصحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت ماضی کے برعکس موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسوں پرعمل پیرا اپنی خدمات پیش کررہا ہے۔
ہم نے سب سے پہلے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، نرسنگ اسٹاف سمیت تمام طبی عملے کی حاضری کو 100فیصد یقینی بنایا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہم نے پہلے دن کہا تھا کہ ہسپتال کے جس شعبے میں کسی ڈاکٹر کو غیر حاضر پایا گیا وہ خود کو معطل سمجھے، آج صوبے کے تمام سرکاری ہسپتال 100فیصد فعال ہیں۔
وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صوبے کے 3 لاکھ 45 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے، صوبے کے 7ہزار 784مریضوں نے ہیلتھ کارڈ کی سہولت کے ذریعے دل کے آپریشن کروائے۔ ان مریضوں میں 575 وہ مریض بھی شامل ہیں جن کی ہارٹ بائی پاس سرجری بالکل مفت کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں وزیراعلی بلوچستان کی جانب سے پیپلز ائیر ایمبولینس کے فوری آغاز کا فیصلہ عوام کے لئے کسی تحفے سے کم نہیں، ہمارا عزم صحت مند بلوچستان ہے جس کے لئے ترجیحی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert