بلوچستان میں امن اور ترقی کے بغیر قومی خوشحالی ممکن نہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری

کراچی +کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی تکمیل کا بنیادی ستون ہے، صوبے میں پائیدار امن، ترقی اور سیاسی استحکام کے بغیر قومی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،صدر مملکت آصف علی زرداری کی میرشفیق الرحمن مینگل سے بات چیت
کراچی +کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) صدرِ مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میر شفیق الرحمن مینگل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی یکجہتی، بلوچستان میں امن و امان، تنظیمی امور اور این اے 256 کے ضمنی انتخاب سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان اس وقت داخلی استحکام، سیاسی بصیرت اور قومی ہم آہنگی کا متقاضی ہے، اور ایسے نازک مرحلے میں تمام جمہوری و وفاقی قوتوں پر یہ قومی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ذاتی و گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر ریاستی استحکام، آئینی بالادستی اور جمہوری تسلسل کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر بلوچستان کی موجودہ صورتحال، وہاں درپیش چیلنجز اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی مفاہمت، مؤثر حکمت عملی اور زمینی حقائق کے مطابق عوامی رابطوں کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی تکمیل کا بنیادی ستون ہے، اور وہاں پائیدار امن، ترقی اور سیاسی استحکام کے بغیر قومی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔میر شفیق الرحمن مینگل نے بلوچستان کے مختلف اضلاع خصوصاً جھالاوان اور گردونواح کی مجموعی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، قیامِ امن کی ضرورت، سیاسی کارکنوں کی فعالیت اور پارٹی تنظیم سازی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے باشعور عوام انتشار، جبر اور نفرت کی سیاست کو مسترد کرچکے ہیں اور وہ ایسے سیاسی بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں جو وفاقی وحدت، آئینی جدوجہد، عوامی خدمت اور جمہوری استحکام کا ضامن ہو۔ملاقات میں این اے 256 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت ہوئی، جس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی اعتماد، نظریاتی وابستگی اور مضبوط تنظیمی ڈھانچے کی بنیاد پر بھرپور انداز میں میدان عمل کے اندر موجود ہے، اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یہ انتخاب محض ایک نشست کا معرکہ نہیں بلکہ بلوچستان میں جمہوری، ترقی پسند اور وفاق دوست سیاسی فکر کی بالادستی کا اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔میر شفیق الرحمن مینگل نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس نظریے کی امین ہے جس کی بنیاد عوامی حاکمیت، وفاقی یکجہتی، آئینی بالادستی اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ پر استوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی قوتیں، تدبر، مکالمے اور قومی مفاد کی سیاست کے فروغ کیلئے ملک دشمن عناصر کی کھلی حوصلہ شکنی کریں تاکہ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کو درپیش چیلنجز سے نکال کر امن و استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی نظریاتی اساس، وفاقی وحدت، جمہوری اقدار اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی تاریخی جدوجہد جاری رکھے گی، جبکہ بلوچستان میں قیامِ امن، سیاسی استحکام اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔
