نادرا کا بڑا قدم! ایک کلک پر پورے پاکستان کے سینٹرز کی معلومات حاصل کریں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے اپنی نئی ویب سائٹ پر nGRIDS نامی جدید فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے ملک بھر میں نادرا مراکز اور متعلقہ سہولیات کی تفصیلات باآسانی حاصل کی جا سکتی ہیں۔
نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شباہت علی کے مطابق عام شہری اکثر یہ جاننا چاہتے ہیں کہ نادرا کے سینٹرز کہاں واقع ہیں، خاص طور پر ملک بھر میں موجود چار ہزار سے زائد ای سہولت مراکز کی لوکیشن کیا ہے۔ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے nGRIDS فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس فیچر پر کلک کرتے ہی صارفین کو پورے پاکستان میں نادرا کے ریجنل سینٹرز، ضلعی دفاتر، یونین کونسل دفاتر اور ای سہولت مراکز کی مکمل معلومات ایک ہی اسکرین پر دستیاب ہوں گی۔
nGRIDS کے ذریعے صارفین یہ بھی جان سکتے ہیں کہ کون سا مرکز سنگل شفٹ یا ڈبل شفٹ میں کام کر رہا ہے اور اس کے اوقات کار کیا ہیں، جس سے شہریوں کو اپنے قریبی مرکز کے انتخاب اور وقت کی منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی۔
یہ فیچر چاروں صوبوں کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی نادرا سروسز کی مکمل تفصیل فراہم کرتا ہے، جس سے اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔
