پنجاب کے نجی اسکولوں کی سمر کیمپس کی اجازت کی درخواست، تعلیمی نقصان پورا کرنے کا مؤقف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پنجاب کے نجی اسکولوں نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران تعلیمی نقصان کو پورا کرنے کے لیے سمر کیمپس کے انعقاد کی اجازت طلب کر لی ہے۔
نجی اسکول مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت انہیں گرمیوں کی تعطیلات میں صبح کے اوقات میں سمر کیمپس لگانے کی اجازت دے تاکہ طلبہ کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
اسکول مالکان کے مطابق سمر کیمپس صبح 7 بجے سے 10 بجے تک منعقد کیے جائیں تاکہ شدید گرمی کے اثرات سے بھی بچا جا سکے۔
نجی اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالیہ غیر اعلانیہ تعطیلات کے باعث تدریسی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، جس سے طلبہ کے تعلیمی نقصان میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ سمر کیمپس کے ذریعے اس نقصان کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق ہر سال ایک ماہ کے سمر کیمپس کے انعقاد کی اجازت دی جاتی ہے، تاہم اس سال حتمی اجازت وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد دی جائے گی۔
