کوئٹہ میں قبائل کی جدی پشتی زمینوں کو نو گو ایریاز میں بدلنے سے عوامی بے چینی بڑھ رہی ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کوئٹہ کے مضافاتی علاقوں کلی سرہ غوڑگئی، کلی ملک شبک، کلی سرہ خلا،ہنہ اوڑک، شعبان اور دیگر علاقوں پر سیکورٹی فورسز (ادارے) کی جانب ان علاقوں کو فوجی ایریاز میں تبدیل کرنے اورمقامی قبائل کی جدی پشتی زمینوں کو نو گو ایریاز (محدود علاقہ) میں تبدیل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مقامی قبائل کے زمینوں کو بندوق کے نوک پر قبضہ کرنے کے ناروا اقدامات سے نہ صرف عوام کی بے چینی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ہزاروں سال پر محیط قبائل عوام کو اپنے جدی پشتی زمنیوں سے محروم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست کا کوئی بھی ادارہ قانون سے بالاتر نہیں ہوتا عوام کی زمینوں پر طاقت کے زور پر قبضہ کیا جارہا ہے ”نو گو ایریا“(محدود علاقہ) قرار دے کر مقامی لوگوں کواپنے گھرآتے جاتے تنگ کرنا،گاڑیوں کی تلاشیوں، سڑک کو بند کرنے،خوف وہراس پھیلانے جیسے واقعات کا مقصد عوام کو گھروں،دیہاتوں سے بیدخل کرنا ہے۔ جو کہ نہ صرف بنیادی انسانی حقوق بلکہ آئین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زمینوں پر قبضہ چاہے کسی بھی نام یا مقصد کے تحت کیا جائے قابلِ مذمت ہے اور اس کے خلاف شفاف تحقیقات اور جوابدہی ہونی چاہیے۔کسی بھی زمین کے حصول کے لیے واضح قانونی طریقہ کار موجود ہوتا ہے جس میں نوٹس، معاوضہ، اور عوام کی رضامندی جیسے عوامل شامل ہوتے ہیں۔ اگر ان اصولوں کو نظر انداز کیا جائے تو یہ طاقت کے ناجائز استعمال کے زمرے میں آتا ہے۔ عوام کو بے دخل کرنا، خاص طور پر بغیر قانونی جواز اور مناسب معاوضے کے کسی صورت قابل قبول نہیں۔اس سے پہلے بھی کئی علاقوں میں معاوضے کے نام پر زمینوں کو قبضہ کیا گیا اور آج تک مقامی زمینداروں (عوام) کو زمین کے عیوض رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ بالا علاقوں میں کسی بھی ادارے کی قبضہ گیری کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ا س سلسلے میں پارٹی اپنے عوام کی تائید وحمایت سے ہرقسم کے احتجاج کا راستہ اختیار کریگی جس کی ذمہ داری نام نہاد حکومت پر عائد ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert