بلوچستان کانسٹیبلری کی تاریخ میں پہلی بار خاتون افسر شہلا قریشی سیکنڈ اِن کمانڈ تعینات


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان کے سیکیورٹی اور پولیسنگ کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پہلی مرتبہ بلوچستان کانسٹیبلری (بی سی)کی تاریخ میں کسی خاتون افسر کو سیکنڈ اِن کمانڈ (2IC) کی اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
پاکستان پولیس سروس (پی ایس پی)گروپ کی گریڈ 19 کی تجربہ کار افسر محترمہ شہلا قریشی کو قائم مقام ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری تعینات کر دیا گیا ہے، جسے ادارے میں خواتین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، شہلا قریشی کی تعیناتی بلوچستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کلیدی کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
بلوچستان کانسٹیبلری صوبے میں امن و امان، حساس مقامات کی سیکیورٹی اور ہنگامی حالات میں معاونت جیسے اہم امور انجام دیتی ہے، جہاں شہلا قریشی اب انتظامی اور آپریشنل نگرانی میں اپنا کردار ادا کریں گی۔ سیکیورٹی اور عوامی حلقوں نے اس تقرری کو خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے دیگر خواتین افسران کو بھی اعلی عہدوں پر کام کرنے کا حوصلہ ملے گا۔

WhatsApp
Get Alert