وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی چھوٹی بیٹی ماہ نور کا رشتہ طے پا گیا
منگنی کی تقریب انتہائی مختصر اور سادہ رکھی گئی، تقریب میں صرف خاندان کے قریبی افراد اور عزیز و اقارب کو مدعو کیا گیا

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی چھوٹی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا رشتہ طے پا گیا، جن کی منگنی کی رسم گزشتہ دنوں جاتی امرا رائے ونڈ میں ادا کی گئی۔
جنگ کے مطابق منگنی کی یہ تقریب انتہائی مختصر اور سادہ رکھی گئی تھی، تقریب میں صرف خاندان کے قریبی افراد اور عزیز و اقارب کو مدعو کیا گیا تھا، اس خوشی کے موقع پر خاندان کے تمام اہم افراد موجود تھے، جن میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف، وزیراعظم میاں شہباز شریف اور ان کی فیملی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اور خاندان کے دیگر قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کے ہونے والے داماد کا تعلق ایک معروف کاروباری خاندان سے ہے، اگرچہ خاندان کی جانب سے ابھی تک لڑکے کی شناخت اور مزید تفصیلات کو نجی رکھا گیا ہے، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ یہ رشتہ دونوں خاندانوں کی باہمی رضامندی سے طے پایا ہے۔ واضح رہے کہ مریم نواز کے بڑے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی گزشتہ برسوں میں ہوچکی ہے، جبکہ ان کی بڑی صاحبزادی مہر النساء بھی پہلے سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں، ماہ نور صفدر، مریم نواز کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ہیں۔
