سانحہ 12 مئی کے شہداء کو 19 سال بعد بھی انصاف نہ مل سکا، آئین کی بالادستی اور جمہور کی حکمرانی تک جدوجہد جاری رہے گی — پشتونخواملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں سانحہ 12مئی 2007کے شہدا کی 19ویں برسی کے موقع پر شہدا کراچی سمیت ملک میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہور کی حکمرانی اور قوموں کی برابری کے حقیقی فیڈریشن کے جدوجہد کی راہ میں تمام معلوم ونامعلوم شہدا کو اُن کی لازوال قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں آج بھی ملک کے اپوزیشن جماعتوں کی سب سے بڑی جمہوری تحریک کی قیادت کررہی ہے جس کا مقصد ملک کے آئین کو تحفظ دینا ہے۔ اور اسی طرح متحدہ ہندوستان اور قیام پاکستان کے بعد خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی قیادت میں ملک کو آئین دینے، جمہور کی حکمرانی، ون مین وون ووٹ کے حصول، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن، پشتونوں کے خودمختار قومی صوبے کے لیے پارٹی جدوجہد کرتی چلی آرہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ12مئی 2007 جنرل پرویز مشرف کی فوجی آمریت کے خاتمے اور ملک میں جمہوریت اور آزاد عدلیہ کی بحالی کیلئے پشتونخواملی عوامی پارٹی اور دیگر سیاسی جمہوری پارٹیوں کی جاری جدوجہد کے دوران اُس وقت کے معذول چیف جسٹس آف پاکستان کی کراچی آمد کے موقع پر استقبالیہ جلوس کے ہزاروں شرکاء پر ایک فاشسٹ اور دہشتگرد تنظیم (ایم کیو ایم)نے حملہ کرکے مختلف سیاسی پارٹیوں کے 50سے زائد سیاسی کارکنوں کو شہید وزخمی کیا جس میں پشتونخوامیپ کے نوجوان کارکن مہتاب خان آفریدی بھی شہید ودیگرکارکنان زخمی ہوئے۔جبکہ کراچی شہر میں آباد لاکھوں پشتونوں کے جائیدادوں، املاک، ٹرانسپورٹ کو نذر آتش اور انہیں لاکھوں کروڑوں کا نقصان پہنچایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امر انتہائی افسوسنا ک ہے کہ اس المناک سانحہ کو آج19سال پورے ہوچکے ہیں آج تک ان شہدا کے قاتلوں کو کیفرکردارتک نہیں پہنچایا گیااور حکومت،سیاسی جمہوری پارٹیوں اورخصوصاً ملک کی عدلیہ نے اس اہم سانحہ اور خون ریز واقعہ کو بھلا کر شہدا کے خون سے اب تک انصاف نہیں کیااور آج بھی متاثرہ خاندان انصاف کی امیدیں لگائیں رکھے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی آمر جنرل مشرف اور دیگر حکمرانوں کی آمرانہ پالیسیوں کے تباہ کن اثرات سے آج تمام ملک دوچار اور اپنی تاریخ کے بدترین بحرانوں میں مبتلا ہیں۔ آج بھی ملک پر نام نہاد اور فارم 47کی حکومت مسلط ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جب تک ملک میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہور کی حکمرانی، قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن کا قیام اور ملک کے تمام ادارے اپنے آئینی ادارتی اختیارات کے پابند نہیں بنایا جاتا،8فروری 2024کے مینڈیٹ کو حقیقی نمائندوں کو واپس نہیں کیا جاتا، عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہاء نہیں کیا جاتا تب تک ملک کے ہمہ جہت بحرانوں کا حل ممکن نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے اپنی نااہلی کے باعث عوام سے بجلی، گیس،تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، روزگار، امن سب کچھ چھین لیا ہے جبکہ کرپشن، کمیشن، اقرباء پروری، میرٹ کی دھجیاں اڑانے کا سلسلہ جاری ہے جس سے عوام کی خدمت پر مامور تمام ادارے آج کھوکھلے ہوچکے ہیں۔ پشتونوں کے واحد تجارت باڈر ٹریڈ پر قدغنیں عائد کرکے ہزاروں خاندانوں کو فاقوں پر مجبور کردیا گیا ہے۔ بے قابو مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری بدامنی کا باعث بنتی جارہی ہے، عوام کے زمینوں، وسائل، معدنیات پر مسلسل قبضہ جاری ہے جس کے باعث عوام میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے اور عوام اپنے حلقے پر مسلط نمائندوں سے اس کا احتساب کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔ بیان کے آخر میں سانحہ 12مئی کے شہدا کے خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سانحہ بارہ مئی کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے جو کہ حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔

WhatsApp
Get Alert