’پتا نہیں کہاں سے اٹھ کر آ جاتے ہیں‘: منشیات اور اسلحہ کیس میں گرفتار ملزمہ پنکی کی مبینہ آڈیو وائرل


کراچی (قدرت روزنامہ)منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری سے قبل کی مبینہ آڈیو منظرِ عام پر آگئی ہے۔
آڈیو میں مبینہ طور پر انمول کہتی ہیں کہ کچھ لوگ کئی سال سے ان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں لیکن انہیں گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ان کے مطابق 8 سے 9 سال سے کوششیں جاری ہیں، مگر کچھ حاصل نہیں ہوا۔


ملزمہ سے منسوب آڈیو میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر لوگ بہتر انداز میں سوچیں تو وہ بھی ان کی طرح ایک برانڈ بن سکتے ہیں۔
آڈیو کے مطابق وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ انہیں ہر بار پکڑنے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن وہ پورے کراچی میں سرگرم ہیں اور اگر ممکن ہو تو انہیں گرفتار کرکے دکھایا جائے۔
دوسری جانب کراچی میں منشیات کی برآمدگی اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں گرفتار ملزمہ انمول کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
واقعے کے بعد کراچی پولیس چیف آزاد خان نے ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے گارڈن ہیڈکوارٹر ساؤتھ رپورٹ کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ شفاف تحقیقات کے لیے سینیئر افسر پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاالنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے کہاکہ واقعے کی شفاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے، ملزمہ کو پروٹوکول کیسے دیا گیا، ذمہ دار اہلکار وضاحت پیش کریں۔

WhatsApp
Get Alert