پاکستانی پاسپورٹ دنیا میں 100ویں نمبر پر، تقریباً 30 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عالمی شہرت یافتہ ادارے Henley & Partners کی تازہ ترین پاسپورٹ انڈیکس رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 100ویں نمبر پر آ گیا ہے، جس کے باعث پاکستانی شہریوں کی سفری آزادی محدود قرار دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد دنیا کے تقریباً 30 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ بدستور کمزور پاسپورٹس کی فہرست میں شامل ہے۔
کیریبین اور امریکا کے خطے میں پاکستانی شہری بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، مونٹسریٹ، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں۔
افریقہ میں کینیا، روانڈا، سینیگال، سیشلز، سیرالیون، مڈغاسکر، موریطانیہ، جبوتی، گیمبیا، کیپ وردے اور گنی بساؤ شامل ہیں جہاں پاکستانی شہری بغیر پیشگی ویزا جا سکتے ہیں۔
ایشیا میں مالدیپ، نیپال، سری لنکا، کمبوڈیا اور مشرقی تیمور جبکہ اوشیانا میں کک آئی لینڈز، مائیکرونیشیا، نیوے، پلاؤ، ساموا، ٹوالو اور وانواتو شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ رکھتا ہے، جس کے شہری 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں، جبکہ جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر ہیں۔
جنوبی ایشیا میں بھارت 78ویں اور بنگلہ دیش 96ویں نمبر پر ہیں، جبکہ افغانستان 103ویں نمبر کے ساتھ کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں عالمی سطح پر سفری آزادی کے واضح فرق کو نمایاں کیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert