بلوچستان میں وزرا اور اراکین اسمبلی غیر محفوط ‘ بھتے کی پرچیاں ‘ قومی شاہراہیں بند ‘ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر صادق عمرانی نے اپنے ہی حکومت کیخلاف چارج شیٹ پیش کردی‘ اسمبلی میں خطاب


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر میر صادق عمرانی نے بلوچستان اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بھتے کی پرچیاں مل رہی ہیں، نوابزادہ طارق مگسی سمیت ہم کوئی روڈ کے ذریعے اپنے علاقوں میں نہیں جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کے پاس گیا، وزیر اعلیٰ کے پاس گیا، وزیر داخلہ کے پاس گیا، جب آپ اپنے وزیر کو تحفظ نہیں دے سکتے تو اس ایوان میں بیٹھنے کی ضرورت نہیں۔ صادق عمرانی نے کہا کہ دل چاہتا ہے اس اسمبلی کا بائیکاٹ کردو، انتظامیہ اور ریاست اربوں روپے امن و امان پر خرچ کر رہے ہیں لیکن کوئی امن و امان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس گم ہے، ایف سی 5 بجے گھروں اور کیمپوں کو چلے جاتے ہیں، آرمی والے لڑ رہے ہیں۔ صادق عمرانی نے کہا کہ وزیر داخلہ اتنا سنجیدہ ہے کہ بات بھی نہیں سن رہے۔
ہمارے علاقے میں قبائلی تصادم کا خطرہ ہے، بذریعہ سڑک اپنے علاقوں میں نہیں جاسکتے، پہلے کراچی جاتے ہیں، پھر سکھر کے راستے علاقے میں جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تین اہم روڈ خضدار، ژوب، نصیر آباد والے تینوں روڈ بند ہیں، صوبے میں لڑائی کو روکنے کی ضرورت ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ جرگہ لے کر جائیں گے، ان کو کہیں گے کہ جنگ بند کرو۔

WhatsApp
Get Alert