اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عدالت نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار پر تنقید کرنے پر ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی اپیل خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا ہے . جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے شاہد خاقان عباسی اور مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا .
مقامی وکیل نے شاہد خاقان عباسی اور مریم نواز کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی . اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سنگل بینچ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے انٹرا کورٹ اپیل خارج کردی . عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار نہیں بتا سکے کہ کون سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی .
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ کسی کے مطالبے پر توہین عدالت کی کارروائی نہیں کی جا سکتی . خیال رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نائب صدر ن لیگ مریم نواز کے خلاف گزشتہ روز توہین عدالت کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی . درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شاہد خاقان عباسی نے کہا نواز شریف جیل جاسکتے ہیں تو ثاقب نثار کیوں نہیں .
دونوں رہنماؤں نے عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے . اسلام آباد ہائیکورٹ میں لیگی رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خاتون وکیل کلثوم خالق کی جانب سے دائر کی گئی . درخواست گزار نے کہا کہ مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی توہین عدالت کے مرتکب قرار پائے ہیں . سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف بات کرکے عدلیہ کو سکینڈلائز کرنے کی کوشش کی گئی . لہذا توہین عدالت کرنے پر دونوں کو سزا دی جائے . خاتون وکیل کی جانب سے عدالت سے شاہد خاقان اور مریم نواز کے خلاف کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی .