نیشنل پارٹی کی کوشش ہے کہ تمام اقوام کو ایک جمہوری پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی تاریخی طور پر ‘نیپ’ کا سیاسی و فکری تسلسل ہے جو آج بلوچستان کی تمام اقوام اور متوسط طبقے کی نمائندہ سیاسی قوت بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزارہ ٹان میں ڈاکٹر رمضان ہزارہ اور پارٹی کارکنوں کے زیرِ اہتمام منعقدہ عصرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل بروری روڈ پر کارکنوں نے ڈاکٹر رمضان ہزارہ کی قیادت میں موٹر سائیکلوں اور جھنڈوں کے ساتھ پارٹی قائدین کا شاندار استقبال کیا اور جلوس کی شکل میں پارٹی آفس پہنچے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ہزارہ قوم کے سیاسی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی کی کوشش ہے کہ تمام اقوام کو ایک جمہوری پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے تاکہ عوامی حقوق کا تحفظ ممکن ہو۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ انتخابات میں پارٹی کے عوامی مینڈیٹ کو چرایا گیا، تاہم اب کسی کو عوام کے حقِ رائے دہی پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی شعور اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ڈاکٹر رمضان ہزارہ کی صورت میں حقیقی نمائندگی کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر مرکزی و صوبائی قائدین بشمول حاجی صالح محمد بلوچ، پھلین بلوچ، علی احمد لانگو اور چنگیز حئی بلوچ بھی موجود تھے، جبکہ تقریب میں مرد و خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
