کوئٹہ ‘ کچلاک جہانگیر آباد بائی پاس کے قریب خوفناک روڈ حادثہ، 2 خواتین جاں بحق، 14 افراد شدید زخمی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پولیس تھانہ نیو کچلاک کی حدود جہانگیر آباد بائی پاس کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک کی بریک فیل ہو جانے کے باعث خوفناک روڈ حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 خواتین موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 14 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق، آج مورخہ 18 مئی 2026 کو کشمور سے تعلق رکھنے والے خانہ بدوش افراد ایک ٹرک میں سوار ہو کر سفر کر رہے تھے کہ جہانگیر آباد بائی پاس کے مقام پر اچانک ٹرک کا بریکنگ سسٹم فیل ہو گیا۔بریک فیل ہونے کے باعث ٹرک ڈرائیور کے کنٹرول سے یکسر باہر ہو گیا اور سڑک پر چلنے والی ایک کار سے زور دار انداز میں جا ٹکرایا۔ اس دلسوز حادثے کی اطلاع ملتے ہی نیو کچلاک پولیس اور امدادی ٹیموں نے فوری موقع پر پہنچ کر لاشوں اور تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس انتظامیہ کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والے خاندان کا تعلق کشمور کے خانہ بدوشوں سے ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی ابتدائی تفتیش اور قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
