پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس

لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب کے مختلف شہروں میں 4.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق منڈی بہاؤالدین، ملکوال، پھالیہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جھٹکوں کے دوران لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس کی گہرائی اور مرکز کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور ہنگامی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
