این ڈی ایم اے کا ہیٹ ویو الرٹ، 31 مئی تک ملک بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے 31 مئی تک ملک بھر کی متوقع موسمی صورتحال پر مبنی تفصیلی رپورٹ جاری کرتے ہوئے شدید گرمی کی نئی لہر سے خبردار کر دیا۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔ جبکہ بعض مقامات پر پارہ 40 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعظم کی ہدایات کے تحت گرمی کی شدت اور اس سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں نے بھی پیشگی حفاظتی اقدامات شروع کر دیئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
ادارے کے مطابق عوامی آگاہی مہمات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اور مختلف شہروں میں کولنگ سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ہنگامی امدادی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں جبکہ اسپتالوں اور طبی مراکز میں سہولیات کو مزید فعال بنانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواؤں کے اثرات کے باعث شمالی علاقوں اور خصوصاً خطہ پوٹھوہار میں کہیں کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔ تاہم سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے۔ جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام اور کوہستان سمیت مختلف پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ اہم رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق شمالی علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ جبکہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert