ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کیساتھ منائی جائے گی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
دن کا آغاز مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات سے ہو گا۔ جہاں ملکی سلامتی، ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر سنت ابراہیمی کی پیروی میں لاکھوں فرزندان اسلام جانوروں کی قربانی کریں گے۔ جبکہ شہری علاقوں سمیت دیہات میں بھی قربانی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جبکہ صفائی ستھرائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی متحرک رہیں گی۔
عید کے موقع پر لوگ اپنے عزیز و اقارب سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ مستحق اور نادار افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے فلاحی اور سماجی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے اتحاد، ایثار اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی اپیل کی ہے۔
