گرین کارڈ رولز پر یوٹرن: زیادہ تر تارکینِ وطن کو امریکا نہیں چھوڑنا پڑے گا


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکا کے محکمۂ داخلی سلامتی نے واضح کیا ہے کہ گرین کارڈ کے حصول کے لیے درخواست دینے والے بیشتر تارکینِ وطن کو درخواستوں کی جانچ کے دوران امریکا چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں امریکی شہریت و امیگریشن سروسز کے ایک اعلان سے یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ درخواست گزاروں کو عام طور پر اپنے آبائی ممالک واپس جا کر انتظار کرنا ہو گا جس پر تارکینِ وطن اور امیگریشن حلقوں میں تشویش پیدا ہو گئی تھی۔
محکمۂ داخلی سلامتی کے مطابق یہ کوئی نئی پالیسی نہیں بلکہ امیگریشن افسران کو پہلے سے حاصل اختیار کی یاددہانی ہے جس کے تحت ہر کیس کا فیصلہ انفرادی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا مدت سے زیادہ قیام یا دیگر امیگریشن مسائل بعض درخواست گزاروں کے فیصلوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں تاہم بیشتر افراد کو امریکا میں رہتے ہوئے ہی اپنے گرین کارڈ کی درخواستوں کے نتائج کا انتظار کرنے کی اجازت ہو گی۔
امریکی محکمے نے یہ بھی کہا ہے کہ مستقل رہائش کے خواہش مند افراد کی بڑی اکثریت کے لیے موجودہ طریقۂ کار میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert