اس بار میری قربانی بڑی اسٹائلش رہی: نادیہ خان نے دلچسپ قصہ سنا دیا


لاہور (قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اس سال میری قربانی روایتی انداز کے بجائے انتہائی اسٹائلش رہی، کیونکہ مجھے قربانی کا گوشت صاف ستھرے پیکٹس میں گھر بیٹھے موصول ہو گیا۔
نادیہ خان نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی آن لائن قربانی کی تفصیلات شیئر کیں اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ اس بار عید پر مجھے پیکٹس ملے، لیکن وہ پنکی والے پیکٹس نہیں تھے، بلکہ گوشت کے پیکٹس تھے، ان کے اس جملے پر پروگرام میں موجود افراد بھی مسکرا اٹھے۔
نادیہ خان نے بتایا کہ جس رہائشی سوسائٹی میں رہتی ہوں وہاں اب جانور ذبح کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی، پہلے قربانی کے لیے خصوصی خیمے لگائے جاتے تھے، تاہم اب یہ سہولت ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے فون آیا کہ ہم دماغ اور پائے نہیں بھیج سکیں گے، لیکن قربانی کا گوشت صاف ستھرے پیکٹس میں آپ تک پہنچا دیا جائے گا۔
اداکارہ کے مطابق مجھے تقریباً 15 کلو گوشت پیک شدہ صورت میں موصول ہوا، جو مکمل طور پر صاف اور تیار تھا۔
نادیہ خان نے مزید کہا کہ ماضی میں خود گھر پر گوشت کی تیاری اور تقسیم کے کاموں میں مصروف رہتی تھی، لیکن اس بار کسی قسم کی محنت نہیں کرنا پڑی۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اس سال میری قربانی واقعی بہت اسٹائلش رہی، کیونکہ مجھے صرف پیکٹس وصول کرنے تھے۔

WhatsApp
Get Alert