شہدائے شاہرگ کی قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، اصغر خان اچکزئی

اے این پی وفد کی شہید خالق داد بابر کی قبر پر حاضری، فاتحہ خوانی،میر ہزار خان بابر کی عیادت، جلد صحتیابی کے لیے دعا


ہرنائی(قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ شہدائے شاہرگ نے وطن کی ننگ و ناموس کی خاطر بظاہر نامعلوم، مگر درحقیقت ہر عام و خاص کو معلوم دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، لیکن اپنی دھرتی ماں پر آنچ نہیں آنے دی۔ ان عظیم قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی اور آنے والی نسلیں ان شہداء کی جرات، بہادری اور حب الوطنی سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے شاہرگ کے سانحے میں کارفرما عوامل اور محرکات کو سمجھنے کے لیے عوامی و سیاسی بیداری ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہرگ میں شہداء کی فاتحہ خوانی کے موقع پر اہلِ علاقہ اور شہداء کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری مابت کاکا، مرکزی سیکریٹری رشید ناصر، صوبائی نائب صدر جمال الدین رشتیا، صوبائی ترجمان ولی داد میانی، مرکزی کمیٹی کے اراکین حاجی نظام الدین کاکڑ، ڈاکٹر اقبال ترین، ملک تاج بازئی، ایڈووکیٹ ثناء اللہ کاکڑ، صوبائی سیکریٹری مالیات عبداللہ ترین، ڈاکٹر عنایت اللہ خان، ضلعی صدر ملک ظریف ترین، ملک زمان ترین، عارف میانی، کلیم اللہ، سکندر شاہ اور دیگر ضلعی و تحصیل ذمہ داران بھی موجود تھے۔
اصغر خان اچکزئی نے شہدائے شاہرگ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ہرنائی، بالخصوص شاہرگ، اور بالعموم پشتونخوا وطن کے عوام عرصۂ دراز سے مشکلات اور بدامنی کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس علاقے میں قدرتی وسائل کی فراوانی موجود ہے، جن میں کوئلے کی صنعت، میٹھے پانی کے چشمے اور زراعت نمایاں ہیں۔ تاہم بدقسمتی سے یہی وسائل مقامی آبادی کے لیے ترقی اور خوشحالی کے بجائے مسائل اور جان لیوا خطرات کا سبب بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ ہر دور میں وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی سرزمین، قومی وقار اور ننگ و ناموس کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ شاہرگ کے شہداء بھی اسی روشن روایت کا تسلسل ہیں، جنہوں نے دہشت گرد عناصر کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور عظیم قربانیاں دیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر نے کہا کہ طاقتور حلقوں کی نظریں پشتون اور بلوچ علاقوں کے قدرتی وسائل پر مرکوز ہیں اور اسی تناظر میں ان خطوں میں بدامنی اور عدم استحکام کی صورتحال برقرار رکھی جا رہی ہے۔ اس صورتحال کا مقابلہ کرنے اور اپنے وسائل، حقوق اور قومی تشخص کے تحفظ کے لیے عوامی شعور، سیاسی بیداری اور جمہوری جدوجہد ناگزیر ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے حقوق کے حصول اور اپنے علاقوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے منظم سیاسی اور پُرامن مزاحمتی جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ وسائل پر مقامی آبادی کا حق تسلیم کیا جا سکے اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہو۔
بعد ازاں اصغر خان اچکزئی اور پارٹی وفد نے شہداء کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
علاوہ ازیں، اصغر خان اچکزئی اور پارٹی ذمہ داران نے عوامی نیشنل پارٹی کے شہید خالق داد بابر کی قبر پر حاضری دی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ پارٹی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
دریں اثنا، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے پارٹی کے صوبائی و مرکزی ذمہ داران کے ہمراہ کھوسٹ جا کر پارٹی کے بزرگ رہنما میر ہزار خان بابر کی عیادت کی، جو طویل عرصے سے علیل ہیں۔ انہوں نے کچھ وقت ان کے ساتھ گزارا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

WhatsApp
Get Alert