بابراعظم اور دیگر کرکٹرز کا بابراعظم کی آواز میں اے آئی گانے پر مزاحیہ ردعمل وائرل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابراعظم اور دیگر پاکستانی کرکٹرز نے بابراعظم کی آواز میں بنائے گئے اے آئی جنریٹڈ گانوں پر مزاحیہ اور ہلکے پھلکے انداز میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔
پاکستان کرکٹ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں کھلاڑیوں کو اے آئی سے تیار کردہ گانا سن کر اپنے تاثرات دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس نے مداحوں کی خاص توجہ حاصل کر لی۔
ویڈیو میں بابر اعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ گانا گاتے ہیں لیکن اس کلپ میں استعمال ہونے والی آواز ان کی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں گاتا ہوں، لیکن یہ میری آواز نہیں ہے، البتہ تصویر اچھی لگ رہی ہے۔
اس موقع پر آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس سے بھی خراب گانے سنے ہیں اور انہیں نہیں لگتا کہ بابر ان سے بہتر گانا گا سکتے ہیں۔
فاسٹ بولرنسیم شاہ نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر اے آئی گانے بابر اعظم کی آواز استعمال کرتے ہوئے بنائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سفر کے دوران میں اکثر ایسی ریلز دیکھتاہوں اور پھر اسپیکر پر چلا کر سنتا ہوں۔
نسیم شاہ نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ بابر اعظم کو کم از کم ایک بار اپنی اصل آواز میں گانا ضرور گانا چاہیےکیونکہ مداح انہیں ہر انداز میں پسند کرتے ہیں چاہے وہ کرکٹ ہو یا گانے۔
یہ دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور شائقین کرکٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کے مزاحیہ ردعمل کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
