موٹروے گینگ ریپ کیس کے مجرموں عابد ملہی اور شفقت بگا کی اپیلیں خارج، سزائے موت برقرار
لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے دونوں مجرموں کی اپیلوں پر سماعت مکمل ہونے کے بعد اپنا حتمی فیصلہ سنا دیا

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ نے موٹروے گینگ ریپ کیس کے مرکزی ملزمان عابد ملہی اور شفقت عرف بگا کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا، عدالتِ عالیہ نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے دونوں مجرموں کو سنائی جانے والی سزائے موت کو مکمل طور پر برقرار رکھنے کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے موٹروے گینگ ریپ کیس کے مجرموں کی اپیلوں پر سماعت مکمل ہونے کے بعد اپنا حتمی فیصلہ سنا دیا، جس میں عدالت نے دونوں مجرموں عابد ملہی اور شفقت عرف بگا کی سزا کے خلاف دائر کردہ اپیلیں یکسر خارج کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں قائم 2 رکنی بنچ نے سنایا، بنچ نے دونوں مجرموں کی سزا کے خلاف پیش کیے گئے دلائل کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے ان کو سنائی جانے والی سزائے موت کا فیصلہ بالکل درست اور قانون کے مطابق تھا، جس میں کسی قسم کی تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
یاد رہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ایک خاتون کو ان کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا یہ انتہائی لرزہ خیز واقعہ ملک بھر میں شدید غم و غصے کا باعث بنا تھا، اس ہولناک کیس کی تیز رفتار سماعت کے بعد انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 2021ء میں جرم ثابت ہونے پر دونوں مرکزی ملزمان عابد ملہی اور شفقت بگا کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا، مجرموں نے اس سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جسے اب عدالتِ عالیہ نے خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کے فیصلے پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی۔
