پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی

ایف آئی اے عارضی طور پر درخواست گزار کا نام پی این آئی ایل لسٹ سے نکال دے، عدالت


پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر مینا خان کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔
عدالت نے مینا خان آفریدی کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ وکیل کے مطابق درخواست گزار صوبائی وزیر تعلیم اور جامعات کے پرو وائس چانسلر ہیں جنہیں جرمن حکومت نے ایک تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے، انکی 7 جون کو باچا خان ائیرپورٹ پشاور سے فلائٹ ہے جس کیلئے صوبائی حکومت نے بھی وہاں جانے کا اجازت نامہ دیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کو پتہ چلا ہے کہ ان کا نام ای سی ایل، پی این آئی ایل اور پی سی ایل میں ہے اس وجہ سے وہ بیرون ملک نہیں جاسکتے، اس حوالے سے درخواست گزار نے متعلقہ حکام تک رسائی کی کوشش کی لیکن بے سود رہی۔ وکیل کے مطابق درخواست گزار کا نام ای سی ایل، پی سی ایل اور پی این آئی ایل سے نکالنے کے لئے درخواست دائر کی گئی ہے۔
عدالت کے مطابق ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہم نے نوٹس جاری کیا کہ وہ معلومات کریں کہ درخواست گزار کا نام ای سی ایل، پی این آئی ایل اور پی سی ایل میں شامل ہیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ درخواست گزار کا نام پی این آئی ایل میں شامل ہے، باقی کسی اور لسٹ میں نام شامل نہیں ہے۔ ایف آئی اے دستاویزات کے مطابق درخواست گزار کا نام 25 ستمبر 2025 کو پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کا نام اس وقت صرف پی این آئی ایل میں شامل ہے، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ہم ان کو تقریب میں شرکت کی اجازت دیتے ہیں، درخواست گزار یونیورسٹی تقریب میں شرکت کے بعد 16 جون کو واپس آئیں گے، ایف آئی اے عارضی طور پر درخواست گزار کا نام لسٹ سے نکال دے۔
حکم نامے کے مطابق درخواست گزار 10 لاکھ روپے کے مچلکے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کرائیں، یہ آرڈر صرف آفیشل دورے کیلئے ہے، درخواست گزار کسی اور مقصد کے لئے اس آرڈر کو استعمال نہیں کرسکتا، فریقین اپنا تفصیلی جواب جمع کرائیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 جون تک ملتوی کردی۔

WhatsApp
Get Alert