میری ریٹائرمنٹ تب ہوگی جب اللہ مجھے بلائے گا, شاہد آفریدی بالآخر کھل کر بول پڑے

کراچی (قدرت روزنامہ)سابق ٹیسٹ کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میری ریٹائرمنٹ تب ہوگی جب اللہ مجھے بلائے گا، مجھے اللہ پر بہت بھروسہ ہے، حقوق العباد بہت اہم ہیں۔ایک تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاور ہٹنگ کوچ کےلیے اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا، جب کوچنگ کےلیے رابطہ ہوگا تو ضرور بتاوں گا، پی ایس ایل پاکستان کا برانڈ ہے، پی ایس ایل 7 میں پی سی بی کو کورونا کے حوالے سے پلان بنانا ہوگا، ہر ٹیم بیس سے بائیس کھلاڑی اپنے ا سکواڈ میں رکھے، کورونا کی صورت میں متبادل کھلاڑی تیار ہوں، پی سی بی کے پاس ایسی صورتحال میں پلان بی ہونا ضروری ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ غیر ملکی کرکٹرزکو پاکستان میں کھیل کر اچھا لگتا ہے، پی ایس ایل 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کروں گا، فرنچائز کے اونرندیم عمر کی خواہش پر ان کی ٹیم کیلئے کھیلوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ سرفراز حمد کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا کپتان ہے، کوشش کروں گا اس کو حوصلہ دوں، سرفراز احمد دوران فیلڈ جذباتی ہو جاتا ہے، کوشش کروں گا کہ میدان میں اسے ٹھنڈا رکھوں اور سپورٹ کروں، سرفراز احمد بہت اچھا کھیلتا ہوا آرہا ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، جو بھی بڑی ٹیم پاکستان آئے وہ مکمل قوت کے ساتھ آئے، ایسا نہ ہو کہ بڑی ٹیمیں اپنی بی ٹیم کو پاکستان بھیج دیں۔