چمن بارڈر پر دراندازی کی بڑی کوشش ناکام، فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز کی موثر اور بروقت کارروائی، علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) سکیورٹی فورسز نے چمن بارڈر کے حساس علاقے میں سرحد پار اسپین بولدک اور ویش منڈی سے ہونے والی دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو موثر اور بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 14 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سرحد پار سے آنے والے شرپسند عناصر نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کیا اور مختصر وقت میں صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ گروہ ایک بڑی اور منظم دراندازی کی خطرناک منصوبہ بندی کے ساتھ آیا تھا۔ علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے اور فورسز کی اضافی نفری کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
