وکی کوشل کی فلم چھاوا میں کردار نبھانے والی نوجوان اداکارہ نے خودکشی کرلی

ممبئی (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکار وکی کوشل کی تاریخی ڈرامہ فلم چھاوا میں کردار نبھانے والی نوجوان اداکارہ سنچیتا اوگلے نے اپنے آبائی گاؤں میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی ہے۔ اداکارہ کی عمر 22سال تھی۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ سنچیتا اوگلے کی لاش ان کے آبائی گاؤں میں واقع گھر میں ملی، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی موت خودکشی کے باعث ہوئی۔ آج سے 2 روز قبل شام کے وقت پیش آنے والے واقعے میں سنچیتا اوگلے نے اپنے کمرے کے دروازے کو اندر سے بند کرلیا تھا۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اداکارہ نے ساڑھی کی مدد سے پھندا لگا کر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی۔ اداکارہ کی حالت تشویشناک دیکھتے ہوئے مقامی افراد اور اہل خانہ نے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا، تاہم ڈاکٹروں نے اداکارہ کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردی گئی۔ اداکارہ کے والد کو شک ہے کہ سنچیتا اوگلے نے خودکشی نہیں کی بلکہ ہوسکتا ہے کہ کسی نے انہیں قتل کیا ہو۔

پولیس نے والد کی درخواست پر اداکارہ کو مقتول ٹھہراتے ہوئے پراسرار موت کا مقدمہ درج کرلیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تاحال اداکارہ کی موت کی وجہ سامنے نہیں آئی، تفتیشی افسران تمام تر ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لے کر واقعے کے اسباب جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert