بلوچستان بجٹ 27-2026: ٹرانسپورٹ کے لیے اربوں روپے مختص، کوئٹہ میں مزید 18 گرین بسیں چلانے کا اعلان ‘ الیکٹرک بسوں اور ای بائیک اسکیم کا اعلان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی نے نئے مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر معیشت کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ملکی اور صوبائی دونوں سطحوں پر ایک اہم کردار ادا کرتا ہے. انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ سروسز کو اپ گریڈ کرنے کے اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہو سکیں. کوئٹہ شہر میں شہری ماسٹر ٹرانزٹ سسٹم (Master Transit System) کے تحت توسیعی فیڈر روٹس (Feeder Routes) پر کام تیزی سے جاری ہے. اس ضمن میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی گرین بس منصوبے کی کامیابی کے بعد پنک بس سروس کا آغاز کیا گیا ہے جو خاص طور پر خواتین کے لیے شروع کی گئی ہے، اور اب ان منصوبوں کو کوئٹہ شہر سمیت اس کے مضافات میں مزید وسعت دی جا رہی ہے.وزیر خزانہ نے بجٹ میں ٹرانسپورٹ کے لیے مختص فنڈز کی تفصیلات بتاتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ مالی سال 2026-27 کے دوران اس شعبے کے لیے ترقیاتی مد میں 1.5 ارب روپے اور غیر ترقیاتی مد میں 1.29 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں. انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ کے فیڈر روٹس پر مزید 18 گرین بسیں چلانے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کو 700 ملین روپے جاری کیے جائیں گے. اس کے ساتھ ساتھ گرین اور پنک بسوں کے لیے 50 جدید بس اسٹاپس کی تعمیر کی جائے گی جس کے لیے 124 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، تاکہ خواتین اور عام شہریوں کو محفوظ اور باوقار سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں.وزیر خزانہ نے صوبے میں پہلی بار ماحولیاتی تحفظ (Environment Safety) کو یقینی بنانے کے لیے آئندہ مالی سال 2026-27 کے دوران الیکٹرک بسوں (Electric Buses) کے آغاز کا بھی اعلان کیا. انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال 2025-26 میں شروع کی گئی ‘ای بائیک اسکیم’ (E-Bike Scheme) بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار متعارف کرائی گئی تھی، جس کا مقصد خواتین کو تعلیم اور روزگار کے حصول میں سہولت فراہم کرنا ہے. اس اسکیم کو آئندہ سال بھی مرحلہ وار بڑھایا جائے گا تاکہ کوئی بھی بیٹی اور بہن ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث تعلیم اور روزگار سے محروم نہ رہے. مزید برآں، صوبے میں ٹریفک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بلوچستان ٹریفک انجینئرنگ بیورو (Balochistan Traffic Engineering Bureau) کی سالانہ گرانٹ کو 60 ملین روپے سے بڑھا کر 80 ملین روپے کر دیا گیا ہے.

WhatsApp
Get Alert