ایل پی جی، چکن، سبزیاں، دودھ، انڈے سمیت 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ

لاہور (قدرت روزنامہ) ایل پی جی، چکن، سبزیاں، دودھ، انڈے سمیت 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ، رواں ہفتے کے دوران بیشتر اشیاء مزید مہنگی ہو جانے سے مہنگائی کی شرح سوا 15 فیصد سے اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ 1 ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 15.28 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق 1 ہفتے میں 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 15 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر 16.65 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ آلو کی قیمت میں 6.82 فیصد اور چکن کی قیمت میں 5.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح واشنگ سوپ کی قیمت میں 1.16 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ایل پی جی کی قیمت 0.51 فیصد بڑھ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق دودھ، دہی، مٹن اور انڈوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب پیاز 2.98 فیصد سستی ہوئی، جبکہ لہسن کی قیمت میں 2.51 فیصد اور کیلے کی قیمت میں 1.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق ڈیزل 1.06 فیصد اور پیٹرول 0.52 فیصد سستا ہوا، جبکہ دالوں اور آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔

WhatsApp
Get Alert