وزیراعلیٰ مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا حکم دےدیا


لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے اور کرایوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں ٹرانسپورٹ اور گڈز کرایوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور مشکل صورتحال میں بھرپور ساتھ دینے پرعوام کا شکریہ ادا کیا- وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں نمایاں کمی پر وزیراعظم محمد شہبازشریف اوران کی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے علاقائی صورتحال میں بہتری آنے پر پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا وعدہ پورا کیا- علاقائی صورتحال کی وجہ سے قوم کوانرجی بحران سے محفوظ رکھنا وزیراعظم محمد شہبازشریف کاتاریخی کارنامہ ہے۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے مشکل وقت میں تاریخ سازکاوشوں سے دنیا کو انرجی اور معاشی بحران سے بچایا ہے- پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا بھرپورفائدہ عوام کوہر صورت پہنچنا چاہیئے۔ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کے پیش نظر اشیائے خوردونوش کے نرخ بھی نیچے آنے چاہیئے۔ یاد رہے وزیراعظم نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
نئے اعلان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جائے گی۔ اس فیصلے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے ہو جائے گی، جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت نے عوام کو بڑھتی مہنگائی سے بچانے اور معاشی دباؤ کم کرنے کے لیے یہ اہم فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات براہِ راست عوام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس فیصلے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی آئے گی، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مثبت اثر پڑنے کی توقع ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ بڑی کمی عوام کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے اور اس سے مہنگائی کی مجموعی شرح میں کمی آنے کا امکان بھی بڑھ گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert