فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف عظیم ہیں، دونوں کے تعلقات شاندار ہیں، ٹرمپ


واشنگٹن (قدرت روزنامہ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستانی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف عظیم ہیں، دونوں کے تعلقات شاندار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ اور ایران کے مابین ہونے والے تاریخی امن معاہدے ‘اسلام آباد مفاہمتی یادداشت’ کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پھر سے پاکستانی قیادت اور ملک کے داخلی سیاسی و عسکری ڈھانچے کے حوالے سے تعریفی بیان دیا ہے، امریکی نیوز ویب سائٹ ‘ایگزیوس’ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے عسکری اور سیاسی تعلقات کو دنیا کے لیے ایک بہترین مثال قرار دے دیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ اور ایران کو جنگ کے دہانے سے واپس لانے اور امن قائم کرانے میں پاکستان کا کردار سب سے اہم تھا، پاکستان میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور تعلقات بہت اچھے ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر عظیم ہیں اور ان کے وزیر اعظم بھی، دونوں کے آپس میں شاندار اور اچھے تعلقات ہیں۔
ٹرمپ نے مزید سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منظر دیکھنا انتہائی خوبصورت ہے کہ ملک کا ایک فوجی سربراہ پوری طرح سے اپنے وزیر اعظم کا احترام کرتا ہے، پاکستانی قیادت نے ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت طے کرنے میں امریکہ کی بہت بڑی مدد کی، کیونکہ پاکستانی حکام ایرانیوں کو بہت اچھے طریقے سے جانتے اور سمجھتے تھے، ہم نے ایران کو فوجی سطح پر پوری طرح شکست دے دی تھی، اس نازک موڑ پر پاکستان نے، جو کہ امریکہ کے بہت قریب ہے، مجھ سے باقاعدہ درخواست کی کہ ایران پر مزید فوجی حملے نہ کیے جائیں، جس کے بعد مذاکرات اور امن کا راستہ اختیار کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert