ہاشم نورزئی کا قتل: وزیراعلیٰ بلوچستان کا نوٹس، کیس اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سپرد، ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے ‘ شاہد رند


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کابل جان ریسٹورنٹ کے مالک محمد ہاشم نورزئی کے قتل کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کی رپورٹ آئی جی پولیس سے طلب کر لی ہے، جبکہ کیس اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایس پی رینک آفیسر تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کریں گے تاکہ شفاف اور مؤثر تحقیقات یقینی بنائی جا سکیں۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مقتول کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف فراہم کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رکن صوبائی اسمبلی ملک نعیم بازئی اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ احتجاج کرنے والے لواحقین کے ساتھ موجود ہیں اور حکومتی سطح پر مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے واضح کیا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert