کیا اب بلوچستان کے میڈیکل سیٹوں پر اسلام آباد والوں کو داخلہ ملے گے ؟ بلوچستان کے ڈومیسائیل ہولڈرز کیلئے اسلام آباد میں انٹری ٹیسٹ سینٹر قائم کرنیکا نوٹفکیشن جاری

اسلام آباد(ڈیلی قدرت کوئٹہ) ڈاکٹر بننے کے خواہشمند بلوچستان کے طلبا کے لیے اہم سہولت فراہم کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں بھی ایم ڈی کیٹ کا امتحانی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے اس حوالے سے پبلک نوٹس جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد میں ایک اضافی ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سینٹر قائم کرے گی، جہاں بلوچستان ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار امتحان دے سکیں گے۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق اس اضافی امتحانی مرکز کے قیام کا مقصد بلوچستان کے طلبا کو امتحان کے لیے مزید سہولت فراہم کرنا ہے۔ کونسل نے تمام متعلقہ امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی ایم ڈی سی کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی رجسٹریشن بروقت مکمل کریں۔ پبلک نوٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان اتوار، 16 اگست کو صبح 10 بجے ملک بھر میں بیک وقت منعقد ہو گا۔
