13 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے انسانی بال اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، ایک ملزم گرفتار

45 کلو گرام انسانی بال بلوچستان سے پنجاب منتقل کیے جا رہے تھے، چین اور دیگر مارکیٹس میں اسمگل کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج


نصیر آباد(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں 13لاکھ سے زائد مالیت کے انسانی بال اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کسٹمز حکام نے بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں ایک انوکھی اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر منتقل کیے جانے والے 45 کلو گرام انسانی بال ضبط کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
کسٹمز حکام کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے میں بتایا گیا کہ برآمد کیے گئے ان انسانی بالوں کی مقامی مالیت کا اندازہ تقریبا 13 لاکھ 50 ہزار روپے لگایا گیا ہے، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ان کی قیمت اس سے کہیں زیادہ بتائی جاتی ہے۔
کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص یہ انسانی بال بلوچستان کے مختلف علاقوں سے سستے داموں خرید کر پنجاب منتقل کر رہا تھا، جہاں انہیں پروسیسنگ کے بعد مہنگے داموں وِگز بنانے اور بیرونی ممالک خصوصا چین اور دیگر مارکیٹس میں اسمگل کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ کسٹمز حکام کے مطابق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر ملزم کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert