دوحہ میں اچھے اجلاس ہوئے، ایران کے ساتھ معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، ٹرمپ

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے بہت اچھے اجلاس ہوئے ہیں اور معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق جوائنٹ بیس اینڈریوز پر نارتھ ڈکوٹا روانگی کے لیے قطر کی جانب سے تحفے میں دیئے گئے نئے ‘ایئر فورس ون’ طیارے پر سوار ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے اہم بیانات دیئے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوحہ مذاکرات کے حوالے سے صحافیوں کو بتایا کہ جہاں تک معاملات کا تعلق ہے، ایران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عمل اچھے انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، دونوں فریقین کے درمیان بہت اچھے اجلاس ہوئے ہیں، اور اب دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے۔
حالیہ دنوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی فائرنگ اور براہِ راست فوجی چھڑپوں کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی صدر نے جارحانہ لیکن مفاہمت آمیز لہجہ اختیار کیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے ان پر بہت سخت وار کیا تھا لیکن اب مذاکرات میں ہم ایک دوسرے کے ساتھ بہت اچھے طریقے سے چل رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ فوجی تصادم اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی شدید کشیدگی کو کم کرنے کے لیے قطر کی ثالثی میں یہ بالواسطہ مذاکرات دوحہ میں جاری ہیں
