پی سی بی کا جدہ میں جدید کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا اعلان

یہ منصوبہ سعودی عرب کو مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ میچز اور بڑے عالمی ایونٹس کی میزبانی کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ جدہ میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنائے گا اس حوالے سے پی سی بی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب کے شہر جدہ میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنائے گا۔ اس حوالے سے پی سی بی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے مابین ایک تاریخ ساز معاہدہ طے پا گیا ہے۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود نے اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔
اس معاہدے کے تحت ایک جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنایا کیا جائے گا، جو بین الاقوامی مقابلوں کے تمام تقاضے پورے کرے گا۔
اس سلسلے میں پی سی بی اور ایس اے سی ایف کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، تیکنیکی مہارت، وینیو پلاننگ اور آپریشنل معیارات کے شعبوں میں مل کر کام کریں گے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کو مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ میچز اور بڑے عالمی ایونٹس کی میزبانی کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس کے علاوہ پاک سعودی شراکت داری کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا اور سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے علاوہ کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں ہو گی بلکہ یہ مضبوط شراکت داری اور پائیدار سرمایہ کاری کے ذریعے سعودی عرب میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی کرکٹ میں حصہ ڈالنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ ہم مل کر ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں، جو کرکٹ کے فروغ کے علاوہ دونوں ممالک کے تعلق کو مزید مضبوط بنائے گی۔

WhatsApp
Get Alert