جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کا معاملہ، وکلا کا ملک گیر عدالتوں کا بائیکاٹ

لاہور(قدرت روزنامہ) لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے معاملے پر پاکستان بار کونسل کی اپیل پر لاہور، کراچی اور ملک کے دیگر کئی شہروں میں وکلا نے آج عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔تاہم عدالت عظمیٰ نے اپنے شیڈول کے مطابق مقدمات کی سماعت کی ۔

دوسری جانب وکلا کے بائیکاٹ کے باعث احتساب عدالتوں نے آج طے شدہ مقدمات کی سماعت بھی ملتوی کردی ۔بڑے مقدمات میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ کیس شامل ہے، توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔پنک ریذیڈنسی اور لیاقت قائم خانی ریفرنسز کی سماعت بھی بالترتیب 12 اور 20 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے معاملے پر ایک بار پھر غور کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) کا اجلاس آج 6 جنوری کو طلب کر رکھا ہے۔

قبل ازیں جوڈیشل کمیشن نے ستمبر میں ہونے والے اپنے پہلے اجلاس میں اس معاملے کو موخر کر دیا تھا۔اجلاس کے دوران سپریم کورٹ کے جسٹس سردار طارق مسعود نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جونیئر ججوں کو سپریم کورٹ میں تعینات کرنے سے عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتہ ہو نے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں 17 ججوں کی تعداد ہے اور ایک سیٹ ابھی تک خالی ہے۔