فیفا ورلڈکپ پری کوارٹر فائنل: اسپین نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

ڈیلاس(قدرت روزنامہ)فیفا ورلڈکپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میچ میں رونالڈو کا جادو نہ چل سکا، اسپین نے پرتگال کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈکپ فٹبال جیتنے کا خواب پورا نہ ہوسکا، پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر اُسے ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔
ڈیلاس کے فٹبال اسٹیڈیم میں پرتگال کے خلاف اسپین نے نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، پرتگال کے 10حملوں کے مقابلے میں اسپین نے 15 حملے کیے۔
ا یک طرف نوجوان لمین یامال تھے تو دوسری جانب تجربہ کار اور عمر رسیدہ کرسٹیانو رونالڈو، لمین یامال نے کئی مرتبہ پرتگال کے دفاع میں شگاف کیا، ساتھی کھلاڑیوں کو پاسز دیے لیکن بدقسمتی وہ گول میں تبدیل نہ ہوسکے۔
مقابلے کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں کوشش کے باوجود گول نہ کرسکیں۔
کھیل کے انجری ٹائم کا پہلا منٹ شروع ہوا تو اسپینش ٹیم نے ایک موو بنایا جس پر میکائیل میرینو نے 90ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو سبقت دلادی، یہ برتری بقیہ وقت تک برقرار رہی اور اسپین نے میچ ایک صفر سے جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کرلی۔
کرسٹیانو رونالڈو اپنے آخری ورلڈکپ کو یادگار نہ بناسکے۔ اپنے شاندار کیریئر میں ورلڈکپ جیتنے کا خواب ادھورہ ہی رہ جانے پر رونالڈو میدان میں رو پڑے۔
کوارٹر فائنل میں اسپین کا مقابلہ بیلجیئم یا امریکا سے ہوگا۔
