’چند روز میں صحت کے نظام پر دباؤ آسکتا ہے‘ معاون خصوصی صحت نے خبردار کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں صحت کے نظام پر دباؤ آسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت لاک ڈاون کی کوئی ضرورت نہیں، جہاں کیسز سامنے آرہے ہیں وہاں مقامی سطح پر پابندیوں کی حکمت عملی اپنا رہے ہیں اور موجودہ صورتحال کو غور سے دیکھ رہے ہیں ، اگلے چند روز میں صحت کے نظام پر دباؤ آسکتا ہے ، اس لیے ضروری ہے کہ عوام ماسک پہنیں اور ویکسین ضرور لگوائیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور مثبت کیسز کی شرح 2.52 فیصد ہوگئی جب کہ وباء سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6 افراد انتقال کرگئے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے 51 ہزار 145 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1293 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ گزشتہ روز عالمی وباء کی وجہ سے مزید 6 افراد جان کی بازی ہار گئے اور اس وقت 609 مریض ایسے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا میں مبتلاء ہونے والوں میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی شامل ہیں جن کا کورونا ٹیسٹ ایک ایک مرتبہ پھر مثبت آیا ہے ، اس سے پہلے مارچ 2021ء میں بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے ، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میرا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے ، چار پانچ دن سے گلا خراب تھا مگر بہتر ہورہا تھا اور دو رات قبل چند گھنٹوں کےلیے ہلکا بخار محسوس کیا لیکن اس کے علاوہ کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔