فیفا ورلڈکپ: مراکش اور فرانس کے میچ کےتمام آفیشلز ارجنٹینا سے منتخب ہونے پر سوالات کھڑے ہوگئے

ہوسٹن (قدرت روزنامہ)فیفا نے ورلڈکپ 2026 کے 2 کوارٹر فائنلز کے میچ آفیشل کا اعلان کردیا ہے جس میں سے پہلے کوارٹر فائنل کے آفیشلز کے انتخاب نے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
فیفا کی جانب سے ایکس اکاؤنٹ پر 9 جولائی کی رات کو ہونے والے ورلڈکپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل کے میچ آفیشلز کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ میچ مراکش اور فرانس کے درمیان امریکا کے شہر بوسٹن میں کھیلا جائےگا۔
فیفا کی جانب سے اس میچ کے لیے جن 5 آفیشلز کا اعلان کیا گیا ہے، حیرت انگیز طور پر سب کا تعلق ارجنٹینا سے ہے۔میچ ریفری سمیت دونوں اسسٹنٹ ریفریز، ریزرو اسسٹنٹ ریفری اور فورتھ آفیشل کا تعلق ارجنٹینا سے ہے۔
اس انتخاب پر سوشل میڈیا صارفین سمیت دنیا بھر سے فٹبال شائقین نے حیرت اور شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ فرانس کے میچ کے لیے تمام ریفری ارجنٹینا سے ہیں؟ ایسا لگتا ہےکہ فیفا ایک بار پھر ہر ممکن کوشش کر رہا ہے تاکہ ورلڈکپ ارجنٹینا کے ہاتھ میں تھما دیا جائے۔
ایک صارف نے کہا کہ کیا آپ نے یہ میچ بھی فرانس کے حق میں پہلے ہی طے کر رکھا ہے؟ فیفا میں موجود بدعنوانی کا ضرور احتساب ہونا چاہیے۔آپ نے مصر کے خلاف جو کچھ ہونے دیا، وہ انتہائی شرمناک تھا۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ آپ کے پاس 50 ممالک کے ریفری موجود ہیں، مگر آپ نے صرف ارجنٹینا کے ریفری ہی منتخب کیے۔اب تو سیدھا ورلڈکپ ہی ارجنٹینا کے حوالےکر دیں۔
اس معاملے پر سابق ویسٹ انڈین کپتان اور آل راؤنڈر کارلوس بریتھ ویٹ بھی خاموش نہ رہ سکے۔
ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کم از کم تھوڑا پردے میں تو رہو، کھلم کھلا ہمارے سامنے جانبداری اور اپنے ایجنڈے کا مظاہرہ کر رہے ہو۔
ایک اور پوسٹ میں کارلوس بریتھ ویٹ نے ارجنٹینا اور مصر کے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئےکہا کہ میں آنے والی نسل کو اس دور میں اپنی آنکھوں کے سامنے ہونے والی اس لوٹ مار کے بارے میں کیسے سمجھاؤں گا؟
ایک صارف نےسوال اٹھایا کہ آخر فیفا ایسے ریفری کیسے مقرر کرسکتا جو ایک ایسے ملک سے تعلق رکھتے ہیں جو ابھی بھی ٹورنامنٹ میں موجود ہے؟لگتا ہے ہر چیز بار بار ارجنٹینا ہی کے حق میں جا رہی ہے۔
