ملک بھر میں سورج آگ برسانے لگا، کئی شہروں میں ہیٹ انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، جہاں ہیٹ انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سبی، بہاولپور، ڈی آئی خان، دادو، سرگودھا، حیدرآباد، سکھر، شیخوپورہ، فیصل آباد، پشاور، سیالکوٹ، اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت متعدد شہروں میں شہری شدید حبس اور گرمی کی دوہری شدت کا سامنا کر رہے ہیں۔

اِسی طرح سبی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم نمی کی بلند شرح کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت 68.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جو ملک میں سب سے زیادہ رہا۔

دوسری جانب بہاولنگر میں 42 ڈگری کے ساتھ محسوس ہونے والا درجہ حرارت 56.7 ڈگری، ڈی آئی خان میں 41 ڈگری کے ساتھ 55.8 ڈگری، جبکہ دادو میں 43 ڈگری کے باوجود محسوس ہونے والا درجہ حرارت بھی 55.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں درجہ حرارت 40 ڈگری اور محسوس ہونے والا درجہ حرارت 52.7 ڈگری، حیدرآباد میں 39 ڈگری کے مقابلے میں 51.6 ڈگری، سکھر میں40 ڈگری کے ساتھ 51.3 ڈگری اور شیخوپورہ میں 37 ڈگری کے باوجود محسوس ہونے والا درجہ حرارت 50.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

فیصل آباد میں 40 ڈگری کے ساتھ محسوس ہونے والا درجہ حرارت 49.5 ڈگری، پشاور میں 40.5 ڈگری کے ساتھ 49 ڈگری، بہاولپور میں 40 ڈگری کے ساتھ 48.3 ڈگری، سیالکوٹ میں 35.5 ڈگری کے باوجود 45.6 ڈگری، اسلام آباد میں 36.5 ڈگری کے ساتھ 44.4 ڈگری تک پہنچ گیا۔

علاوہ ازیں لاہور میں 35.5 ڈگری کے ساتھ 41.9 ڈگری اور کراچی میں 34 ڈگری کے باوجود محسوس ہونے والا درجہ حرارت 41.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ نمی اور کمزور ہواؤں کے باعث ہیٹ انڈیکس میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے جسم کو محسوس ہونے والی گرمی اصل درجہ حرارت سے کہیں زیادہ ہو جاتی ہے۔

انہوں نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، زیادہ سے زیادہ پانی پینے، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہننے اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert