بشریٰ بی بی کی بیٹی نے اڈیالہ جیل انتظامیہ کے خلاف درخواست دائر کردی

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ شیخ نے اڈیالہ جیل انتظامیہ کے خلاف سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر دی، جس میں جیل اہلکار پر مبینہ غفلت، بدسلوکی اور غیر انسانی رویے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

درخواست فیصل ملک ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت میں جمع کرائی گئی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد پراسیکیوشن کونوٹس جاری کرتے ہوئے 16 جولائی تک جواب طلب کرلیا جبکہ مزید سماعت بھی اسی تاریخ تک ملتوی کردی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے دوران قید اپنی آنکھ میں شدید تکلیف کی متعدد بار شکایت کی، تاہم جیل انتظامیہ اور متعلقہ اہلکار نے بروقت طبی توجہ فراہم نہیں کی۔

درخواست کے مطابق علاج میں تاخیر کے باعث ان کی آنکھ کی بیماری بگڑتی رہی اور بالآخر انہیں فوری سرجری کرانا پڑی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

درخواست میں جیل اہلکار مریم پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کے ساتھ غیر انسانی، توہین آمیز اورغیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا۔

مزید کہا گیا کہ متعلقہ اہلکار کے رویے کے بارے میں متعدد بار شکایات کی گئیں مگر اس کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اورقیدیوں کومناسب طبی سہولیات اورانسانی حقوق کے مطابق برتاؤ یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے جائیں۔

WhatsApp
Get Alert