پاکستان کی مسلح افواج، دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے مکمل باخبر ہے

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج، دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے مکمل باخبر ہے، دشمن ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، سرحد پارسے ہونے والی دہشتگردی کو پوری قوت سے کچل دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور میں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹ افسران سے خطاب کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کورس میں تینوں مسلح افواج کے افسران شریک تھے، فیلڈ مارشل نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالی جبکہ مسلح افواج کی صلاحیتوں، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر شرکا سے گفتگو میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ این ڈی یو جیسے ادارے مستقبل کی عسکری و سول قیادت کو ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے آراستہ کررہے ہیں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ دشمن ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے مکمل باخبر ہے، پراکسی عناصر کوپاکستان کے امن او خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی ہرگزاجازت نہیں دیں گے، افواج قوم کی حمایت کے ساتھ ان پراکسی عناصر کے ٹھکانوں کا خاتمہ یقینی بنائے گی جبکہ دہشتگرد وں کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ پیچیدہ اسٹریٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک بصیرت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جنگیں بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔
