کوئٹہ دھرنا ‘ سانحہ مانگی زیارت کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی؛ سیاسی جماعتوں کا تحریک کو دوسرے اضلاع تک بڑھانے کا اعلان ‘ کل 3شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)زیارت کے علاقے مانگی فیز تھری میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر شہداء سے اظہارِ یکجہتی کے لیے عوامی نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، جمعیت علمائے اسلام، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر سیاسی و جمہوری جماعتوں کے زیرِ اہتمام 12 جولائی بروز اتوار کو قلعہ سیف اللہ، پشین اور لورالائی میں احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔
سیاسی جماعتوں کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زیارت کے علاقے مانگی فیز تھری میں پیش آنے والا دہشت گردی کا واقعہ ایک انتہائی افسوسناک سانحہ ہے، جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی، دہشت گردی کے خلاف عوامی ردِعمل کے اظہار اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے مطالبے کے لیے یہ احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
اعلامیے میں تمام جماعتوں کے کارکنوں، عہدیداروں، نوجوانوں، طلبہ اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرکے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ قومی اور جمہوری مؤقف کو مضبوط بنائیں۔
مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عوامی قوت اور سیاسی اتحاد کے ذریعے دہشت گردی، بدامنی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی اور شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert