شہید میر سراج رئیسانی نے وطنِ عزیز کی سلامتی، امن، جمہوریت اور بلوچستان کی ترقی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے شہید نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی کو ان کی آٹھویں برسی کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید میر سراج خان رئیسانی نے وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، امن، جمہوریت اور بلوچستان کی ترقی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ شہید میر سراج خان رئیسانی کی حب الوطنی، جرات اور قربانی آج بھی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید رہنما نے ہمیشہ اتحاد، امن اور پاکستان سے غیر متزلزل وفاداری کا درس دیا اور اپنی عملی جدوجہد سے وطن دوستی کی روشن مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ میر سراج خان رئیسانی کی شہادت کے بعد نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کی صورت میں ہزاروں میر سراج خان پیدا ہو چکے ہیں۔ میر جمال خان رئیسانی اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملکی دفاع میں پیش پیش ہیں اور دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں ۔
صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے واقعات قوم کے حوصلے کبھی پست نہیں کر سکتے۔ شہداء کی قربانیاں ملک میں امن، استحکام اور ترقی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے مشن کو جاری رکھے گی۔
