مری: برف میں پھنسی گاڑیوں کے دل دہلا دینے والے مناظر

مری(قدرت روزنامہ)مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں شدید برف باری جاری ہے، برف باری میں پھنسے سیاحوں کے افسوسناک مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔مری میں موسم کی شدید صورتحال کے پیش نظر نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا ہے، سیاحوں کی بڑی تعداد برف باری میں پھنسی ہوئی ہے، سیاحوں کی تقریباََ ایک ہزار گاڑیاں مری میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق تقریباََ 16 سے 19 سیاح اپنی گاڑیوں میں ہی شدید سردی اور آکسیجن کی کمی کے باعث جاں بحق ہوگئے ہیں۔


سوشل میڈیا پر ایک فیملی کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو سردی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے گاڑی میں ہی ختم ہوگئی۔اس کے علاوہ ایک ویڈیو چار دوستوں کی بھی وائرل ہورہی ہے جوکہ برفباری سے لطف اندوز ہونے مری آئے تھے لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے اجل کا نشانہ بن گئے۔


سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مری کے مقامی افراد بھی برفباری میں پھنسی گاڑیوں اور سیاحوں کی مدد کررہے ہیں۔


واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے آج رات شدید برفانی طوفان اور 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کر دیا۔ایمبولینس، سیکیورٹی گاڑیوں اور فائر فائٹرز کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔
ان علاقوں میں انتظامیہ نے وارننگ دی ہے کہ کسی بھی صورتِ حال سے بچنے کے لیے شہری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔مری سے باہر موجود افراد کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مری کا رُخ نہ کریں۔