عمران خان کی حکمرانی کا فلسفہ ’’مرے کو مارے شاہ مدار‘‘ ہے، شہبازشریف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکمرانی کا فلسفہ ’’مرے کو مارے شاہ مدار‘‘ ہے، کچھ بھی غلط ہوجائے ملبہ کسی نہ کسی کے سر تھونپ دیتے ہیں، ان میں ذمہ داری نبھانے کی صلاحیت ہی نہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ عمران خان کی بے سمت حکومت کی حکمرانی کا فلسفہ ’مرے کو مارے شاہ مدار‘ ہے۔
کچھ بھی غلط ہوجائے، اُس کا ملبہ کسی نہ کسی کے سر تھونپ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ لوگوں کے ملک کو وہ چلارہے ہیں جن میں ذمہ داری نبھانے اور حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت ہی نہیں۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے مری میں برفباری میں پھنسے لوگوں کی اموات پر اپنے بیان میں کہا کہ غیرمعمولی برفباری اور موسمی صورتحال معلوم کیے بغیر عوام نے مری کا رخ کیا، اس صورتحال کیلئے ضلعی انتظامیہ تیار نہیں تھی، موسم کی خراب صورتحال اور عوام کے رش کے باعث یہ صورتحال پیش آئی۔

انہوں نے کہا کہ مری واقعے پر بہت غمزدہ ہوں، مری میں سڑکوں پر سیاحوں کی اموات پر بہت افسردہ ہوں، مری میں پیش آنے والے سانحے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ یاد رہے ملک کے پُرفضا مقام مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح پھنس گئے، مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد جب برفباری کا نظارہ کرنے پہنچی، جہاں ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں مری اور گلیات میں داخل ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
فیملیز گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق مری میں شدید برف باری سے سڑکیں بند ہونے سے ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں اور 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے ذریعے مری میں پھنسی تمام فیملیز کو سرکاری ریسٹ ہاؤسز میں منتقل کردیا گیا ہے، لوگوں کی ادویات، خوراک، گرم کپڑوں سمیت ضروریات پوری کی جا رہی ہیں،پولیس ریکارڈ کے مطابق کل رات تک مری میں داخل ہونے والی 33,745 گاڑیاں موجود تھیں جن میں سے 33,373 گاڑیوں کا انخلاء بھی ہوچکا ہے۔