لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کون ہیں؟ کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے منصب پر تقرری کی تفصیلات سامنے آگئیں


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیے جانے کے بعد ان کے شاندار عسکری کیریئر اور پیشہ ورانہ خدمات پر توجہ مرکوز ہو گئی ہے۔ جنرل عامر رضا اس سے قبل چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس) کے منصب پر فرائض انجام دے رہے تھے، جو پاک فوج کے اہم ترین عہدوں میں شمار ہوتا ہے اور اس منصب کے لیے عسکری معاملات پر گہری نظر، اسٹریٹجک بصیرت اور وسیع پیشہ ورانہ تجربہ درکار ہوتا ہے۔
جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی ان کی طویل، کامیاب اور امتیازی عسکری خدمات کا اعتراف قرار دی جا رہی ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے آرمرڈ کور میں مختلف کمانڈ، اسٹاف اور تربیتی ذمہ داریوں پر خدمات انجام دیں، جس کے دوران انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قائدانہ اوصاف کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) سمیت کئی اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی عسکری زندگی مختلف نوعیت کی ذمہ داریوں اور اہم تقرریوں سے عبارت ہے، جو ان کی ہمہ جہت عسکری مہارت اور اسٹریٹجک امور پر مضبوط گرفت کی عکاسی کرتی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ عسکری عہدوں پر تقرریاں ہمیشہ پیشہ ورانہ صلاحیت، تجربے اور متعلقہ ذمہ داریوں کے لیے موزونیت کی بنیاد پر کی جاتی ہیں۔ جنرل عامر رضا کی حالیہ ترقی اور تقرری بھی اسی روایت کا تسلسل ہے، جو ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ قابلیت پر ادارے کے اعتماد کا اظہار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آف جنرل اسٹاف سمیت مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کے باعث جنرل عامر رضا اس اہم قومی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مطلوبہ تجربہ، صلاحیت اور اسٹریٹجک فہم رکھتے ہیں۔ ان کی تقرری پاکستان کے دفاعی اور اسٹریٹجک ڈھانچے میں ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا منصب ملک کی اسٹریٹجک دفاعی صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، اور جنرل عامر رضا کی تقرری سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور وسیع عسکری تجربے کی بنیاد پر اس اہم قومی ذمہ داری کو احسن انداز میں انجام دیں گے۔

WhatsApp
Get Alert