مسافر بس پر فائرنگ سفاکیت اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے: ٹرانسپورٹر رہنماؤں کی مذمت

قومی شاہراہوں پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات اور ملوث عناصر کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی اور معروف ٹرانسپورٹرز میر حاجی حکمت لہڑی، حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی و دیگر نے السیف کمپنی کی مسافر بس پر ہونے والی فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں چار بے گناہ مسافر شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
اپنے مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ نہتے اور بے گناہ مسافروں کو نشانہ بنانا کھلی بربریت اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ بلوچستان کی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، ایسے واقعات سے عوام میں خوف پھیلتا ہے اور تجارتی و ٹرانسپورٹ سرگرمیاں شدید متاثر ہوتی ہیں۔
ٹرانسپورٹرز نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کو کسی رعایت کے بغیر فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت پر زور دیا کہ مسافر گاڑیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

WhatsApp
Get Alert